ضلع اننت ناگ میں یومیہ اجرت پر کام کر رہے عارضی ملازمین نے اپنی مانگوں کو لے کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ یہ احتجاج آل جے اینڈ کے ٹمپریری یونائٹڈ فورم کے بینر تلے کیا گیا۔
احتجاجی عارضی ملازمین کا کہنا ہے کہ سرکار کی جانب سے جموں و کشمیر کے مختلف سرکاری محکموں میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے اکسٹھ (61) ہزار عارضی ملازمین کی نوکریوں کو مستقل کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا جو آج تک وفا نہیں ہوا۔
اننت ناگ میں عارضی ملازمین کا احتجاج انہوں نے کہا کہ وہ ’’کئی برسوں سے اپنی ڈیوٹی مستعدی سے انجام دیتے آ رہے ہیں اور اس کے باوجود بھی عارضی ملازمین کی مستقلی کو لے کر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔‘‘
احتجاجیوں کا کہنا ہے کہ دیگر ریاستوں کے عارضی ملازمین کو مستقل کیا گیا تاہم جموں و کشمیر کے 61ہزار عارضی ملازمین کو پس پشت ڈالنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ ’’حکومت کے پاس ڈیلی ویجرس کو مستقل کرنے کے لئے کوئی واضح پالیسی نہیں ہے۔‘‘
انہوں نے گورنر انتظامیہ سے ان کی دیرینہ مانگ کو جلد پورا کرنے کی اپیل کی۔ احتجاجیوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر انکے مطالبات پورے نہ کیے گئے تو وہ ’’احتجاج میں شدت لانے کے لیے مجبور ہونگے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔‘‘