سرینگر:سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ایک اہلکار کی موت واقع ہو گئی جسے مبینہ طور خودکشی کا نتیجہ قرار دیا جارہا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کے قاضی گنڈ علاقے میں جواہر ٹنل کے قریب اپنی ہی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر دیا۔ ذرائع نے بتایا کہ قاضی گنڈ کے جواہر ٹنل کے بی ٹاپ کے قریب سی آر پی ایف کا ایک اہلکار ڈیوٹی پر مامور تھا، جس دوران اس نے اپنی ہی سروس رائفل سے خود کو گولی مار دی۔
ڈیوٹی پر مامور دیگر اہلکار جائے واقع پر فوراً پہنچ گئے اور خون میں لت پت سی ایف ایف اہلکار کو ہسپتال لے جانے کوشش کی گئی تاہم سی آر پی ایف اہلکار کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی تھی۔ اہلکار کی لاش کو پوسٹ مارٹم اور لازمی قانونی و طبی لوازمات کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ فوت ہوئے اہلکار کی فوری طور پر شناخت معلوم نہیں ہو پائی ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ لاش کی طبی و قانونی لوازمات کی تکمیل کے بعد میت کو آخری رسومات کے لیے لواحقین کے سپرد کر دیا جائے گا۔