اننت ناگ (جموں و کشمیر):’’امرناتھ یاترا کے دوران یاتریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے سی آر پی ایف کے اہلکار جگہ جگہ بنکر بنا رہے ہیں۔ یاتریوں کے تحفظ کے ساتھ ساتھ انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے نہ صرف سی آر پی ایف بلکہ سبھی سیکورٹی ایجنسیز اور حکومتی ادارے وعدہ بند ہیں۔‘‘ ان باتوں کا اظہار ڈی آئی جی، سی آر پی ایف نے 40 بٹالین سی آر پی ایف کی جانب سے جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں منعقدہ ایک بلڈ ڈونیشن کیمپ کے حاشیہ پر میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا۔
سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ڈی آئی جی، دنیش پرتاپ اپادھیاے، نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’سی آر پی ایف عوام کو ہر طرح کی سہولت فراہم کرنے میں ہر وقت پیش پیش رہتی ہے، اسی وجہ سے آج جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ایک بلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد کیا گیا۔‘‘ قبل ازیں سی آر پی ایف کی جانب سے 40بٹالین ہیڈکوارٹر ہیون سنما، آشاجی پورہ میں عطیہ خون کیمپ کے دوران سی آر پی ایف جوانوں نے خون کا عطیہ کا پیش کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے کیمپس کے انعقاد کے ساتھ ساتھ خون کا عطیہ پیش کرنے سے متعلق عام ہوئی غلط فہمیوں کو دور کرنے کے حوالہ سے آگاہی کیمپ کا انعقاد کیا جانا چاہئے۔