اننت ناگ (جموں و کشمیر) :میونسپل کونسل ڈورو، ویری ناگ میں بے ضابطگیوں کی شکایتیں موصول ہو رہی ہیں۔ کئی کونسلرز کا الزام ہے کہ ’’مفاد عامہ اور علاقہ کی تعمیرو ترقی کے لئے واگزار کئے جا رہے فنڈس میں دھاندلیاں کی جا رہی ہیں، جس میں میونسپل کونسل کے صدر محمد اقبال آہنگر اور ایگزیکٹو افسر میونسپل کمیٹی کے مابین ساز باز جاری ہے۔‘‘ میونسپل کمیٹی ممبران نے یہ الزامات پریس کانفرنس کے دوران عائد کیے۔
میونسپل کونسل کے ممبر جاوید احمد کا کہنا ہے کہ ’’کونسل کے چیئرمین اپنے وارڈ ممبران کو اعتماد میں لئے بغیر ہی تعمیراتی کاموں کو منظوری دے رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ فنڈس میں مبینہ بے ضابطگیوں کے لئے وارڈ ممبران سے مختلف بہانے بازی کرکے کورے کاغذ (خالی کاغذ) پر دستخط لئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’میونسپل کونسل ڈورو میں بے ضابطگی عروج پر ہے اور رقومات کی دھاندلی اتنی چالاکی سے کی جاتی ہے کہ کسی کو اس کی بھنک بھی نہیں لگنے دی جاتی۔‘‘ کونسلرز کا الزام ہے کہ ’’یہاں نہ صرف تعمیر و ترقی کے نام پر لوٹ کھسوٹ کی جا رہی ہے بلکہ گاڑی والوں سے وصول کئے جا رہے اینٹری فیس میں بھی دھاندلی کرکے سرکاری خزانے کو چونا لگایا جا رہا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ مبینہ طور جعلی رسیٹ بکس (Reciept Book) کے ذریعہ چُنگی والوں یعنی گاڑیوں سے اینٹری فیس وصول کیا جا رہا ہے۔ کونسلرز کے مطابق میونسپل کونسل کے چیئرمین سرکاری گاڑی کے بجائے نجی گاڑی استعمال کرتے ہیں جبکہ سرکاری گاڑی کا خرچہ وہ اپنی جیب میں ڈال دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے منظور نظر ٹھیکیداروں کو کام دیا جاتا ہے اور ان سے کام کے بدلے موٹی رقومات بطور کمیشن وصول کی جا رہی ہے۔‘‘