اننت ناگ (جموں کشمیر) :منشیات کے خلاف جاری مہم میں سرعت لاتے ہوئے اننت ناگ پولیس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ضلع اننت ناگ کے سیر ہمدان علاقے میں بھاری مقدار میں شراب سمیت چرس کو بر آمد کر لیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ ایک مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد مٹن پولیس اسٹیشن سے وابستہ پولیس کی ایک ٹیم نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ضلع کے سیر ہمدان علاقے میں محمد رمضان گنائی نامی ایک شخص کے گھر پر چھاپہ مارا۔ بتایا جا رہا ہے کہ تلاشی کارروائی کے دوران مذکورہ شخص کے گھر سے مبینہ طور تقریبا 900 بوتلیں شراب اور 2 کلو 500 گرام چرس بر آمد کیا گیا۔
پولیس نے موقع پر ہی شراب اور چرس کو ضبط کیا اور ملوث شخص (مکان مالک) کو گرفتار کیا گیا۔ اننت ناگ پولیس نے اس سلسلہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور انہوں نے معاملہ سے متعلق مزید گرفتاریوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا ہے۔