ضلع اننت ناگ کے مرہامہ، واگہامہ، کتری ٹینگ سمیت دیگر مختلف علاقوں میں گوبر کے ڈھیر جمع ہونے سے راہگیروں کو مختلف مصائب و مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اگرچہ کورونا وائرس کی صورتحال کے مدنظر انتظامیہ سمیت چند غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے ضلع کے مختلف علاقوں میں گوبر کو ہٹانے کے اقدامات کیے گئے تاہم اس حوالہ سے بیشتر علاقوں کو نظر انداز کیا گیا۔ جس کے سبب ان علاقوں میں سڑکوں ندی نالوں کے کناروں پر گوبر کے انبار نظر آ رہے ہیں۔
شعور بیدار نہ ہونے اور انتظامیہ کی عدم توجہی کی وجہ سے لوگ انتہائی اہم مقامات پر گوبر جمع کرتے ہیں۔ لوگ گوبر جمع کرنے کے لئے اکثر و بیشتر، رابطہ سڑکوں یا ندی نالوں کا انتخاب کرتے ہیں۔ جس سے نہ صرف آبائی وسائل کو آلودہ کیا جاتا ہے بلکہ قدرتی خوبصورتی متاثر ہونے کے ساتھ یہ عمل مختلف بیماریوں کو بھی دعوت دیتا ہے۔
ماضی میں ندی نالوں کا پانی پینے کے ساتھ ساتھ پانی سے جڑی دیگر ضروریات کے لئے استعمال کیا جاتا تھا۔ تاہم دور حاضر میں لوگوں کی جانب سے سارا گوبر اور کوڑا کرکٹ ندی نالوں کے حوالے کیا جاتا ہے۔ نتیجتاً ان کا پانی اتنا آلودہ ہو چکا ہے کہ اب اُن میں ہاتھ دھونا بھی گوارا نہیں ہوتا۔