اننت ناگ (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ علاقے میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے سرچ آپریشن شروع کیا گیا اور حفاظتی اہلکاروں کی جانب سے گھر گھر تلاشی کارروائی انجام دی جا رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حفاظتی اہلکاروں کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی ہے کہ علاقے میں عسکریت پسند چھپے ہوئے ہیں، جس کے بعد فوج، نیم فوجی دستوں اور جموں کشمیر پولیس نے مشترکہ طور کوکرناگ علاقے کو محاصرے میں لے لیا۔
حفاظتی اہلکاروں نے گھر گھر تلاشی مہم شروع کی اور اس دوران علاقے کی طرف آنے اور جانے والے تمام لوگوں سے پوچھ تاچھ بھی کی جا رہی ہے۔ اور علاقے میں عسکریت پسندوں کی تلاش بڑے پیمانے پر جاری ہے۔ واضح رہے کہ دو ماہ قبل ہی کوکرناگ کے ہی ایک علاقے میں کشمیر وادی کی اب تک کی سب سے بڑی تصادم آرائی پیش آئی تھی جس دوران 19 راشٹریہ رائفلز کے کرنل منپریت سنگھ اور میجر آشیش دوچک اور جموں کشمیر پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ہمایون بٹ ہلاک ہوگئے تھے۔ اس حملے میں کئی دیگر سکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہو گئے تھے۔