اننت ناگ (جموں و کشمیر):جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں حلقہ انتخاب بجبہاڑہ کے ڈانجی پورہ، وپزن علاقے میں فوج کی جانب سے تلاشی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق بجبہاڑہ کے ڈانجی پورہ، وپزن علاقے میں فوج کو عسکریت پسندوں کے چھپے ہونے کی ایک مصدقہ اطلاع موصول ہوئی جس کے فوراً بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ شروع کر دیا۔
فوج کی 3 آر آر، جموں و کشمیر پولیس، 90 بٹالین سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم نے یہ محاصرہ سحری کے اوقات میں شروع کیا جو خبر لکھے جانے تک جاری تھا۔ حفاظتی اہلکاروں کی جانب سے گھر گھر تلاشی مہم شروع کر دی گئی ہے۔ وہیں علاقہ کے داخلی اور خارجی راستوں پر پہلے بٹھا دیے گئے ہیں اور لوگوں کی آمد ورفت کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ علاقے میں کسی بھی شخص کو داخل ہونے یا باہر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔