سرینگر (جموں کشمیر) : ’’بھارت اور انڈیا، دونوں الفاظ ملک کے آئین میں درج ہیں اور اب بی جے پی اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے ان ناموں کا سہارا لیکر ایک نیا تنازعہ شروع کرکے سادہ لوح انسانوں کو گمراہ کرنے کی ایک ناکام کوشش کر رہی ہے۔‘‘ ان باتوں کا اظہار کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) ممبر اور جموں و کشمیر کانگریس کے سابق صدر غلام احمد میر نے جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے کھنہ بل علاقے میں ’’بھارت جوڑ یاترا‘‘ کی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب کے حاشیہ پر میڈیا نمائندوں کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔
کانگریس کے سینئر لیڈر غلام احمد میر نے راہل گاندھی کی قیادت میں گزشتہ برس شروع کی گئی ’’بھارت جوڑو یاترا‘‘ کے حوالہ سے کہا: ’’راہل گاندھی کی قیادت میں یاترا کو ملک میں نفرتوں کو مٹانے اور شہریوں میں یکجہتی قائم رکھنے کی غرض سے شروع کیا گیا گیا تھا اور یہ یاترا آئندہ بھی جاری رہے گی۔‘‘ قبل ازیں ’’بھارت جوڑو یاترا‘‘ کی پہلی سالگرہ کے سلسلے میں جموں کشمیر کانگریس کی جانب سے ہفتہ ڈاک بنگلوو کھنہ بل، اننت ناگ میں ایک جلسے کا اہتمام کیا گیا تھا جہاں پارٹی کے سینئر لیڈر غلام احمد میر نے کانگریس ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’بھارت جوڑو یاترا ایک موثر انداز میں پورے ملک میں کامیابی سے ہمکنار ہوئی جس میں راہل گاندھی نے 35000 کلومیٹر پیدل یاترا کرکے ملک کو سیکولرزم کا پیغام دیا اور عوام کی اس رابطہ مہم کو عوامی سطح پر کافی پذیرائی ملی۔‘‘