ضلع اننت ناگ کے بجبہاڈہ میں واقع نوشہرہ سریگفوارہ میں گزشتہ رات بادل پھٹنے کا واقعہ پیش آیا۔ اس حادثے میں کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا لیکن مالی نقصان بہت زیادہ ہوا ہے۔ بادل پھٹنے سے فصلوں، گئو شلٹروں اور سیب کے درختوں کو کافی نقصان پہنچا ہے۔
اس سلسلے میں جب ہم نے علاقے کے لوگوں سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ اُن کے علاقے میں ایک اسٹیڈیم تعمیر کیا گیا تھا۔ اس میں اکثر و بیشتر پانی جمع ہوجایا کرتا ہے جس کی وجہ سے پہاڑ پر بادل پھٹنے کے ساتھ سیلاب آگیا اور اسٹیڈیم میں موجود سارا پانی اُن کے علاقے میں داخل ہو گیا۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ہر سال ان کے علاقے میں ایسی ناگہانی آفت آ جاتی ہے اور ہمیشہ ہمیں اس بات کا خدشہ لگا رہتا ہے کہ کبھی بھی اس علاقے میں کوئی بڑا سانحہ رونما ہو سکتا ہے۔