اننت ناگ:جموں وکشمیر میں صحت عامہ کو مزید بہتر بنانے کیلئے محکمہ صحت کی جانب سے کئی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اور عام لوگوں کو اسپتالوں میں بہتر سہولیات مہیا رکھنے کے لیے محکمہ صحت کی جانب سے اسپتالوں، طبی مراکز کا بنیادی ڈھانچہ مضبوط بنایا جا رہا ہے وہیں اسپتالوں میں ہو رہے کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے حکام کی جانب سے طبی مراکز کا اچانک معائنہ کیا جا رہا ہے۔
جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے شانگس علاقے میں موجود سب ڈسٹرکٹ اسپتال اور نوگام علاقے کے پبلک ہیلتھ سنٹر کا سی ایم او اننت ناگ ڈاکٹر محمد یوسف زاگو نے شام دیر گئے اچانک دورہ کیا۔ سی ایم او نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے مریضوں، تیمارداروں سے طبی و نیم طبی عملہ کی جانب سے مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے سردیوں کے ایام میں اسپتال میں گرمی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔