اننت ناگ:ملک کی مختلف ریاستوں میں سیلاب آنے کی وجہ سے وادی کشمیر کے سبزی مارکیٹ پر اثر پڑا ہے۔ وادی کشمیر میں رواں موسم سبزیاں اگانے کا موسم عروج پر ہے، یہاں کے مختلف علاقوں میں سبزیوں کی کاشت کی جاتی ہے، تاہم سبزیوں کی مقامی پیداوار یہاں کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے کافی نہیں ہے، یہی وجہ ہے کہ صارفین کی مانگ کو پورا کرنے کے لئے باہر کی ریاستوں سے مختلف سبزیاں درآمد کی جاتی ہیں۔
ماضی میں اگرچہ پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں میں ریکارڈ توڑ اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، تاہم آج تاریخ میں پہلی مرتبہ گاجر کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے۔ وادی کے مختلف سبزی مارکیٹس میں آج گاجر 120 سے 150 روپیے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہی ہیں، جس کی وجہ سے عام صارفین کے لئے گاجر خرید پانا مشکل ہو گیا ہے۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے اننت ناگ سبزی فروش ایسوسی ایشن کے صدر محمد عباس ڈار نے کہا کہ ملک کی مختلف ریاستوں میں سیلابی صورتحال کی وجہ سے گاجر کی درآمدات پر کافی اثر پڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں گاجر کو عموماً سلاد کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے اور یہاں سلاد کھانے کا رجحان بھی بڑھ گیا ہے۔ وہیں آج شادیوں کا سیزن بھی چل رہا ہے، جس میں سلاد کے لئے گاجر کا خوب استعمال کیا جاتا ہے اور ریستوران میں بھی اس کا زیادہ استعمال ہو رہا ہے،تاہم قلیل سپلائی ہونے کی وجہ سے سبزیوں میں سستی فروخت ہونے والی گاجر آج مارکیٹ میں سب سے مہنگی اور نایاب سبزی بن گئی ہے۔