اننت ناگ:پہلگام کے چندن واڑی اور بالتل سے امرناتھ گھپا تک دونوں ٹریکس کا تعمیراتی کام بارڈر روڈس آرگنائزیشن(بی آر او) کے سپرد کیا گیا اور ان ٹریکس کا کام 15 جون 2023 تک مکمل کیا جائے گا۔ان باتوں کا اظہار ڈی جی،بی آر او راجیو چودھری نے پہلگام میں ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات چیت کے دوران کیا۔ خصوصی گفتگو کے دوران بارڈر روڈس آرگنائزیشن(بی آر او)کے ڈی جی راجیو چودھری نے کہا کہ سرکار کی جانب سے امرناتھ کے دونوں ٹریکس کو بی آر او کے سپرد کر دیا گیا ہے،جس کے چلتے بی آر او نے دونوں ٹریکس پر سرعت سے کام کرنا شروع کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹریکس کا کام 15 جون 2023 تک مکمل کیا جائے گا۔
ڈی جی نے کہا کہ بی آر او نے مقررہ مدت کے اندر ٹریکس کا کام مکمل کرنے کے لئے بھاری عملہ سمیت جدید مشینریز کام پر لگا دی ہیں،جس دوران ٹریکس کی کشادگی ، ریٹیننگ والز و دیگر تجدید و مرمت کا کام تیزی سے کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بی آر او دن رات دونوں ٹریکس پر دن رات کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسے ایک چیلینج کے طور پر لیا گیا ہے اور انہیں امید ہے کہ ٹریکس کو بروقت مکمل کیا جائے گا۔ڈی جی نے مزید کہا کہ امرناتھ گھپا تک ٹریکس پر یاتریوں کی سہولیات کے لئے مسافر خانے اور شیڈس بھی تعمیر کیے جائیں گے،تاکہ ناگہانی آفات کے دوران یا خراب موسم کے دوران یاتریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ امرناتھ گھپا تک نئی سڑکیں تعمیر کی جائیں گی اور ان منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔