اننت ناگ:ضلع اننت ناگ کے سریگفوارہ علاقہ میں سرکاری اراضی پر تعمیر کی گئی ایک کمرشل عمارت کو حکومت نے اپنی تحویل میں لیکر اسے دیہی ترقی محکمہ کے سپرد کر دیا۔ ذرائع کے مطابق یہ عمارت بھارتیہ جنتا پارٹی کے نائب ریاستی صدر صوفی محمد یوسف کی ہے، جنہوں نے مبینہ طور 25 مرلہ پر محیط سرکاری اراضی کے ایک حصہ پر غیر قانونی طریقہ سے قبضہ کرکے اس پر دو منزلہ کمرشل عمارت تعمیر کی جس میں11 دکانیں تعمیر ہیں۔
متعلقہ عہدیداروں نے جمعرات کے روز سریگفوارہ میں تعمیر کی گئی کمرشل عمارت کو اپنی تحویل میں لے لیا اور اسے مفاد عامہ کی خاطر موقع پر ہی محکمہ دیہی ترقی کے سپرد کر دیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل اننت ناگ ضلع میں، کانگریس کے سینئر رہنما پیر زادہ محمد سعید، جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے ضلع صدر عبدالرحیم راتھر، نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما عبدالمجید لارمی، محمد الطاف کلو، پی ڈی پی کے فاروق اندرابی کے خلاف انسداد تجاوزات مہم کے تحت کارروائی کی گئی۔ قبل ازیں ضلع اننت ناگ کے بجبہارہ علاقے میں ہی انتظمایہ نے ایک مقامی اوقاف کمیٹی کی جانب سے مبینہ طور کاہچرائی پر تعمیر کی گئی درجنوں دکانوں کو اپی تحویل میں لیکر انہیں بھی محکمہ دیہی ترقی کے سپرد کر دیا۔