اننت ناگ:ضلع اننت ناگ کے کھنہ بل میں بی جے کی جانب سے دفعہ 370 کی منسوخی کی چوتھی برسی دھوم دھام سے منائی گئی۔ اننت ناگ کے کھنہ بل میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران بی جے پی کے نائب صدر جموں کشمیر صوفی محمد یوسف، سینئر رہنما بی جے پی رفیق وانی، بی جے پی کی مہیلا مورچہ کی نائب صدر رُمیسہ رفیق سمیت پارٹی کارکنان کی ایک بڑی تعداد موجود رہی۔تقریب کے دوران پارٹی کارکنان اور رہنماؤں نے ڈول اور نگاڑے بجا کر رقص کیا۔
بی جے پی کے رہنماؤں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہ آج کا دن جموں کشمیر کے لوگوں کے لئے آزادی کا دن ہے۔ یہ وہ دن ہے جس روز جموں کشمیر کی عوام کو علاقائی پارٹیوں کے چنگل سے آزاد کرایا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہاں کی سیاسی پارٹیاں آرٹیکل 370 اور 35 اے کی آڑ میں غریب عوام کا خون چوس رہے تھے،تاہم وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ نے جرات مندانہ قدم اٹھا کر یہاں کے عوام کو گندی سیاست سے چھٹکارا دلایا۔
انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد جموں کشمیر کی عوام نے راحت کی سانس لی اور یہاں کے لوگوں کو تحفظ اور وقار ملا۔370 کی تنسیخ کے بعد یہاں سنگ بازی ،کراس فائرنگ،ہڑتال اور ملیٹنسی کی لگام کس گئی،یہی وجہ یے کہ لوگ آج بلا خوف اپنے معمول کے کاروبار کے ساتھ مصروف ہیں۔