جموں و کشمیر سے حال ہی میں کرکٹ کھیلنے والے نوجوانوں کی آئی پی ایل میں شمولیت کے بعد نوجوان نسل کے حوصلے مزید بلند ہو رہے ہیں۔ ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ علاقے کی بات کریں، یہاں سے مشہور کرکٹر پرویز رسول کی آئی پی ایل اور انڈیئن کرکٹ ٹیم میں شمولیت کے بعد اب مجتبیٰ یوسف کا نام سرخیوں میں ہے۔
گیند باز مجتبیٰ یوسف کو حال ہی میں ممبئی انڈیئنز نے ٹرائل کے لیے منتخب کیا ہے۔ مجتبیٰ پڑھائی کے ساتھ ساتھ کرکٹ کے میدان میں بھی دن رات محنت کر کے اپنے ماں باپ کا نام روش کرنا چاہتے ہیں۔
مجتبیٰ کا ماننا ہے کہ وہ آئی پی ایل میں جگہ بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا 'جب مجھے ممبئی انڈیئنس کی جانب سے ٹرائلز کے لیے منتخب کیا، میری خوشی کا کوئی ٹھکانا نہیں رہا۔ مجھے ٹرائلز کے لیے ممبئی بلایا اور میرے والدین نے اپنی دعاوں کے ساتھ مجھے ممبئی روانہ کیا۔ اب میں اللہ سے دعا مانگتا ہوں کہ میرے والدین کا خواب شرمندہ تعبیر ہو'۔
وہیں مجتبیٰ کی ماں نے بھی بچے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بارہویں جماعت کے طالب علم مجتبیٰ یوسف نے جموں و کشمیر کرکٹ ٹیم میں منتخب ہونے کے بعد بھارت کے مختلف شہروں میں سید مشتاق علی ٹرافی میں میچز کھیلے اور نمیاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔