کوکرناگ(اننت ناگ):مرکز کے زیر انتظام جموں کشمیر میں جہاں حکومت سیاحتی شعبے کو فروغ دینے کے حوالے سے بلند و بانگ دعوے کر رہی ہے۔ وہیں زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ ایک جانب حکومت مختلف منصوبوں کے تحت سیاحتی شعبے کو جاذب نظر، منفرد اور دلکش بنانے کی غرض سے کروڑوں روپئے صرف کرتی ہے، وہیں دوسری جانب ان سیاحتی مقامات پر کروڑوں روپے صرف کرنے کے باوجود بھی سیاح ان مقامات پر جانے سے گریز کرتے ہیں۔
کروڑوں روپئے صرف کرنے کے باوجود سیاحتی پارک چراگاہ میں تبدیل، جس کی مثال جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے کوکرناگ کے ایک دور دراز پہاڑی علاقے میں دیکھنے کو مل رہی ہے، جہاں محکمہ سیاحت نے کئی سال قبل سیاحوں کی سیر و تفریح اور قیام کرنے کے لیے دریائے برنگی کے کنارے بدہاڑ نامی علاقے میں ایک پارک کے ساتھ ساتھ کئی ہٹس کی تعمیر پر کروڑوں روپے خرچ کیے۔ تاہم محکمہ کی عدم توجہی سے پارک چراگاہ میں تبدیل ہو چکی ہے۔ پارک میں ہر طرف مویشی گھاس چرتے ہوئے نظر آرہے ہیں، جبکہ گوبر اور گندگی کے ڈھیر جمع ہونے کے سبب یہاں آنے والے سیاحوں کے لیے بیٹھنے تک کی بھی جگہ میسر نہیں ہے۔