اننت ناگ:بھارت جوڑو یاترا کل وادیٔ کشمیر میں داخل ہونے کے بعد بھارت جوڑو یاترا آج اننت ناگ سے دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔ یاترا سرینگر کی جانب روانہ ہو چکی ہے۔ راہل گاندھی کی قیادت میں پد یاترا اونتی پورہ کے چرسو مقام تک جائے گی جہاں پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی ان کا استقبال کریں گی اور یاترا میں شمولیت اختیار کریں گی۔ وہیں پرینکا گاندھی کی شمولیت بھی متوقع ہے۔
یہ پد یاترا 27 جنوری کو بانہال سے شروع ہوئی تھی جہاں نیشنل کانفرنس کے عمر عبداللہ نے راہل گاندھی کے ساتھ یاترا میں شرکت کی تھی۔ یاترا نو یوگا ٹنل قاضی گنڈ کے ذریعے وادی میں داخل ہوئی تھی جہاں بڑی تعداد میں لوگ یاترا میں شرکت کرنے کے لیے موجود تھے۔ راہل گاندھی جب وہاں پر پہنچے تو انہوں نے اپنا ارادہ بدل کر پیدل سفر کرنا ترک کیا اور وہ گاڑیوں کے ذریعے اننت ناگ چلے گئے۔ انہوں نے میڈیا سے خطاب کے دوران سرکار پر سکیورٹی میں کوتاہی کا الزام لگایا۔