اطلاعات کے مطابق عشمقام علاقے میں تعینات راشٹر رائفلز کے 3 بٹالین کے ایک اہلکار نے منگل کی شام قریب 4 بجے دوران ڈیوٹی مبینہ طور پر زہر کھا کر خود کشی کر لی۔
ذرائع نے بتایا کہ ان کے ساتھی مذکورہ فوجی اہلکار کے پاس اور انہیں بے ہوش پایا۔
فوجی اہلکار کو فوری طور نزدیکی فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔ ہلاک شدہ فوجی کی شناخت بلرام سنگھ کے بطور ہوئی ہے۔
دریں اثنا ایک پولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ سیکورٹی اداروں کی جانب سے یوگا اور آرٹ آف لیونگ کی سرگرمیاں متعارف کرانے کے باوجود بھی جموں وکشمیر میں تعینات سیکورٹی فورس اہلکاروں میں خودکشی کے رجحان میں کوئی کمی نہیں آرہی ہے۔
گزشتہ برس سابق مرکزی وزیر راجیہ سبھا میں فوجی جوانوں کی طرف سے خود کشیاں کرنے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ سال 2018 کے دوران 80 فوجی اہلکاروں نے خود کشی کی جبکہ ہوائی فوج میں 16 اہلکاروں اور نیوی میں 8 اہلکاروں نے خود کشی کی۔ انہوں نے کہا کہ سال 2017 میں 75 فوجی اہلکاروں کے بارے میں شک کیا جاتا ہے کہ انہوں نے خود کشی کی ہے جبکہ سال 2016 میں 104 فوجی اہلکاروں کی موت خودکشی کرنے سے واقع ہوئی ہے۔