اننت ناگ: جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ڈاک بنگلو کھنہ بل میں اپنی پارٹی کی جانب سے مرکزی حکومت کی پالسیوں کے خلاف ایک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت پارٹی کے ضلع صدر عبدالرحیم راتھر نے کی۔ ریلی میں پارٹی کارکنان کی ایک بڑی تعداد موجود تھی، تاہم ریلی کو ڈاک بنگلو کھنہ رہائشی کالونی سے آگے جانے کی اجازت نہیں دی گئی اور پولیس نے ریلی کو رہائشی کالونی کے گیٹ پر ہی روک دیا۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے اپنی پارٹی کے ضلع صدر نے کہا کہ حکومت کی عوام مخالف پالیسیز سے لوگوں کو گونا گوں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے جموں کشمیر کی عوام کو راحت پہنچانے کے بجائے انہیں بنیادی ضروریات سے محروم کر دیا ہے، چاول کی سپلائی کو بڑھانے کے بجائے گھٹا دیا گیا، مٹی کے تیل کی سپلائی کو بند کر دیا گیا، جس سے یہ صاف طور پر ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت یہاں کی غریب عوام کو محتاج بنانے پر تلی ہوئی ہے۔