اننت ناگ: جموں و کشمیر تحریک صوت الاولیاء کی جانب سے آج باغ نوگام اننت ناگ میں سالانہ اسلامی کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ علماء نے بدامنی اور کشمیر میں نوجوانوں میں پھیلتی بے راہ روی اور منشیات جیسے بدعات سے نمٹنے کے لئے سماج کے ہر طبقہ کو اٹھ کھڑا ہونے کی اپیل کی۔
کانفرنس میں تحریک کے سربراہ مولانا عبدالرشید داؤدی کے علاوہ دیگر سرکردہ علماء دین و مدارس موجود رہے۔ اس موقع پر مسلمانوں کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے بات کی گئی۔ جبکہ رسول پاکﷺ کی حیات طیبہ پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ علماء نے بدامنی اور کشمیر میں نوجوانوں میں پھیلتی بے راہ روی اور منشیات جیسے بدعات سے نمٹنے کے لئے سماج کے ہر طبقہ کو اٹھ کھڑا ہونے کی اپیل کی۔
اننت ناگ میں دینی کانفرنس کا انعقاد کانفرنس میں وادی کے جید علماء کرام اور مقررین نے اسلام کی آفاقی تعلیمات پر مفصل روشنی ڈالی اور پوری دنیا کے امن وامان کے لیے خصوصی دعائیں مانگی۔ اس موقع پر علماء کرام نے معاشرے کے اندر بڑھتی منشیات فروشی اور خود کشی کے واقعات پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسے دین سے دوری قرار دیا۔
کانفرنس میں علماء نے قرآن مجید اور دین کی رو سے ان تمام مسائل کا حل طلب ہونے پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر حافظ قرآن بچوں کی دستار بندی بھی کی گئی اور مسلمانوں سے یک جٹ ہو کر ہر مسئلے کا حل نکالنے کی تلقین بھی کی گئی۔ کانفرنس میں جموں و کشمیر سمیت بیرون ریاستوں سے مقتدر علماء کرام و واعظین کے علاوہ نعت خواں حضرات کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ کووڈ 19 کے تین سال بعد یہ کانفرینس منعقد کی گئی۔
میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے سربراہ تحریک صوت الاولياء، مولانا شیخ عبدالرشید داؤدی نے بتایاکہ ’’موجودہ حالات میں نوجوانوں کے اندر منشیات اور دیگر برے کاموں کی طرف رجحان بڑھ رہا ہے۔ اس کے علاوہ معاشرے میں دین سے دوری بڑھتی چلی جا رہی ہے، جس کے پیش نظر عوام خصوصا نوجوان نسل کو دین کی طرف راغب کرنے کے لیے ایسے اجتماعات منعقد کیے جا رہے ہیں۔'' انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے بچوں کو تمام سہولیات دستیاب رکھی ہے لیکن انہیں دینی تعلیم سے محروم رکھا ہے جس کی وجہ سے وہ غلط راستے پر چلتے ہیں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کرائیں۔
یہ بھی پڑھیں :