اننت ناگ (جموں کشمیر) :انجمن شعر و ادب، جنوبی کشمیر کی طرف سے ضلع اننت ناگ میں ایک ادبی تقریب کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ تقریب میں تنظیم کی ایگزیکٹو باڈی کے ممبران کے علاوہ دیگر کئی ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سال 2023 کیلئے نامزد کئے گئے کئی شعراء اور صحافیوں کو اعزاز سے نوازا گیا، جن میں پروفیسر شاد رمضان، نادر احسن اور منظور خالد شامل قابل ذکر ہیں۔ پروفیسر شاد رمضان کو ’’لائف ٹائم ایچیومنٹ ایوارڈ‘‘ کیلئے منتخب کیا گیا تھا۔
پروفیسر شاد رمضان کشمیری زبان کے ایک نامور شاعر، قلمکار، محقق اور نقاد تصور کیے جاتے ہیں۔ شاد رمضان نے کشمیر یونیورسٹی میں بحیثیت پروفیسر کشمیری زبان و ادب کی دہائیوں تک خدمات انجام دی اور کشمیری ڈپارٹمنٹ کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔ پروفیسر شاد رمضان فی الوقت ساہتیہ اکیڈمی میں کشمیری بورڈ کے کنوینر کی حیثیت سے اپنی مادری زبان کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔ تقریب میں ’’خلعت رُسل میر‘‘ کیلئے بزرگ شاعر نادر احسن کو منتخب کیا گیا تھا۔ نادر احسن کی اب تک کئی کتابیں منظر عام پر آ چکی ہیں اور اس وقت مراز ادبی سنگم میں بحیثیت خزانچی اپنی خدمت انجام دے رہے ہیں۔ جنوبی کشمیر کی دیگر کئی ادبی تنظیمیں ان کی سرپرستی میں کام کر رہی ہیں جن میں انجمن شعر و ادب جنوبی کشمیر بھی شامل ہے۔ نادر احسن انجمن شعر و ادب جنوبی کشمیر کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔