18 برس سے زائد کی عمر والے افراد میں کورونا ویکسین کا صد فیصد ہدف مکمل کرنے والا ضلع اننت ناگ کشمیر صوبے کا پہلا ضلع بن گیا ہے۔
سی ایم او اننت ناگ، ڈاکٹر مختار احمد شاہ نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ فون پر بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ضلع اننت ناگ میں 18برس سے زائد عمر کی صد فیصد آبادی کو کورونا مخالف ویکسین کی خوراک دی جا چکی ہے جبکہ ویکسین کی مناسب دستیابی، معقول سپلائی، صحت اور دیگر شعبوں کے ساتھ ساتھ انتظامیہ کی کوششیں منظم طریقہ کار اور عوامی تعاون اس بڑے سنگ میل کو عبور کرنے کے پیچھے کارفرماں ہیں۔
اس کے علاوہ افسران اور حکام کے ذریعہ سوشل میڈیا کا استعمال جس میں انہوں نے لوگوں کو ویکسینیشن کے تئیں بیدار کرنے اور اس کی خصوصیت کو اجاگر کیا۔
صد فیصد ویکسینیشن کا ہدف مکمل کیے جانے پر ڈی سی اننت ناگ نے کہا کہ ’’یہ ضلع کے لیے قابل فخر لمحہ ہے۔‘‘ انہوں نے اس کامیابی کا سہرا محکمہ صحت اور فرنٹ لائن ورکرس کے سر باندھا۔