اردو

urdu

ETV Bharat / state

ٹرانسپورٹ سہولیات دستیاب نہ ہونے سے طلباء کو مشکلات - Jk latest news

ضلع اننت ناگ کے ہائی گراونڈ میں قائم کشمیر یونیورسٹی ساوتھ کیمپس میں نجی ٹرانسپورٹ سہولت کی عدم دستیابی سے طلباء کو کافی مشکلات کا سامنا ہے۔

ٹرانسپورٹ سہولیات دستیاب نہ ہونے سے طلباء کو مشکلات
ٹرانسپورٹ سہولیات دستیاب نہ ہونے سے طلباء کو مشکلات

By

Published : Mar 30, 2021, 9:42 PM IST

Updated : Mar 30, 2021, 10:57 PM IST

یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد اقبال نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے یونیورسٹی میں ہر ایک سہولیات دستیاب رکھی گئی ہیں، تاہم یونیورسٹی تک نجی ٹرانسپورٹ سہولت دستیاب نہ ہونے کے سبب طلباء کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے اسٹوڈنٹس کے لیے بس سروس دستیاب رکھی گئی ہے تاہم اس کے لیے با ضابطہ طور ایک شیڈول رکھا گیا ہے، جس کے تحت طلباء کے لیے صبح ساڑھے نو بجے اور شام کے چار بجے بس سروس دستیاب رہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مستقل ٹرانسپورٹ سہولیات طلبہ کی دیرینہ مانگ ہے اور طلبہ کی جانب سے اکثر و بیشتر اس سلسلہ میں شکایت موصول ہوتی ہیں۔

ٹرانسپورٹ سہولیات دستیاب نہ ہونے سے طلباء کو مشکلات

طلباء کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی سے وہ پیدل سفر کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔ بعض اوقات مجبوری کے سبب وہ آٹو بُک کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں، جس دوران آٹو والے ان سے من مانی کرایہ وصول کرتے ہیں، جس کی وجہ سے ان پر خرچہ کا بوجھ بڑھ جاتا ہے۔ لہذا وہ ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ ساوتھ کیمپس تک ٹرانسپورٹ سہولیات کی بحالی کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے۔

ادھر ای ٹی وی بھارت نے جب یہ معاملہ ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ پیوش سنگلا کی نوٹس میں لایا تو انہوں نے کہا کہ طلباء کے لیے ٹرانسپورٹ سروس لازمی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ یہ معاملہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے ساتھ اٹھائیں گے تاکہ اس مسئلہ کا ازالہ کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ ساوتھ کیمپس کے پی روڈ سرنل سے تقریبا 3 کلو میٹر دور کافی بلندی پر واقع ہے، تاہم ٹریفک انتظامیہ کی جانب سے اننت ناگ سے یونیورسٹی تک کسی بھی ٹریفک سہولیت دستیاب نہیں رکھی گئی ہے۔

Last Updated : Mar 30, 2021, 10:57 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details