جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے چاکلی پورہ علاقے میں رابطہ پل نہ ہونے کے سبب لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اننت ناگ: رابطہ پل نہ ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی باشندوں نے بتایا کہ 15 برس قبل علاقے میں پُل کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا تھا جس کا کام آج تک مکمل نہ ہوسکا۔ مقامی باشندوں نے بتایا کہ ندی پر کئی مرتبہ عارضی پل تعمیر کیا گیا تاہم لکڑی کا عارضی پل اکثر و بیشتر پانی کے تیز بہائو میں ڈہہ جاتا ہے یا خراب موسم کی نظر ہو جاتا ہے۔ رابطہ پل نہ ہونے کے سبب لوگوں کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی باشندوں کے مطابق خستہ حال رابطہ پل کے سبب حادثات بھی رونما ہوتے ہیں تاہم اسکے باوجود انتظامیہ کی جانب سے اس جانب توجہ نہیں دی جارہی ہے۔
مقامی لوگوں نے مزید کہا کہ بارش کے بعد ندی میں طغیانی کے سبب لکڑی کے عارضی پل کو پار کرنا لوگوں کےلیے محال ہو جاتا ہے۔ مقامی باشندوں کے مطابق رابطہ پل نہ ہونے کے سبب طلبہ اسکول نہیں جا پاتے، وہیں بیمار افراد خصوصا حاملہ خواتین کو اسپتال پہنچانے کے لیے انہیں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
مزید پڑھیں:’خصوصی درجے کی منسوخی کے وقت کیے گئے سبھی وعدے سراب ثابت ہوئے‘
انہوں بتایا کہ ضلع انتظامیہ سمیت منتخب عوامی نمائندے بھی علاقے کا دورہ کرکے پل کی جلد تعمیر کا صرف وعدہ کر کے چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ سے پل کی تعمیر کا کام جلد مکمل کیے جانے کی اپیل کی، تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ممکن ہونے کے علاوہ جانی و مالی نقصان سے بھی بچا جا سکے۔