اننت ناگ (جموں و کشمیر) :اننت ناگ پولیس نے علیحدگی پسند تنظیم ’’ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی‘‘ (ڈی ایف پی) سے دور رہنے کی عوام الناس سے تلقین کرتے ہوئے ڈی ایف پی سے خود کو دور رہنے کی تلقین کی ہے۔ اننت ناگ پولیس کی جانب سے پیر کو قصبہ اننت ناگ میں لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اعلان کیا گیا۔ مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے شبیر شاہ کی قیادت والی علیحدگی تنظیمڈی ایف پی پر پانچ اکتوبر 2023کو پابندی عائد کی گئی تھی۔
اننت ناگ پولیس کی جانب سے یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ڈی ایف پی کی مین اسٹریم میں شمولیات کی افواہیں گردش کر رہی تھی۔ مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے علیحدگی پسند تنظیم پر پابندی عائد کیے جانے کے محض دو ہفتوں کے اندر ہی دہلی ہائی کورٹ کے جج کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کی ٹریبونل تشکیلدی گئی تھی جو جیل میں بند علیحدگی پسند رہنما شبیر شاہ کی سربراہی والی جے کے ڈی ایف پی پر عائد کی گئی پابندی کا جائزہ لے گی۔ ٹریبونل کمیٹی تشکیل دیے جانے کے بعد یہ افواہیں گردش کر رہی تھی کہ شاید اسیر علیحدگی پسند رہنما شبیر شاہ اپنی پارٹی کو مین اسٹریم میں شامل کر لیں گے، تاہم آج اننت ناگ پولیس کی جانب سے عوام الناس کو ڈی ایف پی سے دور رہنے کی تلقین کے اعلان کے بعد یہ قیاس آرائیاں محض افواہیں ثابت ہوئیں۔