وادی کشمیر میں گذشتہ دو ہفتوں کے دوران کئی غیر مقامی باشندوں سمیت اقلیتی طبقے سے وابستہ افراد کو قتل کر دیا گیا، جن میں سرینگر، پلوامہ اور اننت ناگ میں چار غیر مقامی مزدور بھی شامل ہیں۔
غیر مقامی افراد پر عسکریت پسندوں کے حملوں کے نتیجے میں وادی کشمیر میں موجود غیر مقامی مزدوروں میں خوف و دہشت کا ماحول ہے اور وہ ہنگامی بنیادوں پر اپنے وطن واپس لوٹ رہے ہیں۔
غیر مقامی مزدوروں میں بہار، بنگال، پنجاب سمیت مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد ریلوے اسٹیشن اننت ناگ پہنچ رہے ہیں جو یہاں سے بانہال تک ریل سے اور وہاں سے جموں کے لئے بسوں سے روانہ ہو رہے ہیں۔
ریلوے اسٹیشن پر کئی غیر مقامی مزدوروں نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا ’’ہم یہاں گذشتہ کئی برسوں سے کام کرتے آ رہے ہیں، اس عرصے میں ہمیں کشمیری بھائیوں نے کسی قسم کی تکلیف نہیں دی۔‘‘