وادی کشمیر میں بھی ماہ رمضان کے سلسلے میں لوگوں نے روزے رکھنے شروع کر دیے ہیں اور آج جمعہ کے روز بازاروں میں کافی گہما گہمی دیکھنے کو ملی۔ ضلع اننت ناگ اور ملحقہ قصبہ جات کے بازاروں میں مختلف اقسام کی کھجوریں سج گئی ہیں۔
ماہ مبارک میں وادی کشمیر کے تمام دیہی اور شہری علاقوں میں لوگ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ ماہ صیام کی تیاریاں شروع کرتے ہیں اور پورے مہینے روزہ رکھتے ہیں۔
اس سلسلے میں ہر افطاری کے وقت کھجور، مٹھائیاں اور میوہ جات کا استعمال کیا جاتا ہے۔ جس کے پیش نظر لوگ بازاروں سے کھجور اور مٹھائیاں بڑے شوق سے خریدتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شیپ بریڈنگ ریسرچ فارم ڈکسم ترقی کی راہ پر گامزن
گزشتہ برس کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاون نافذ ہونے سے ماہ رمضان کی رونق ماند پڑ گئی تھی۔ مساجد میں نمازیں ادا نہیں کی جا سکی تھیں۔ اکثر لوگ اپنے ہی گھروں میں نمازیں ادا کرتے تھے۔ اس کے علاوہ بازاروں میں کھجوروں اور مٹھائیوں کی مانگ بھی کم رہی تھی۔ یہ افواہ بھی پھیلائی جا رہی تھی کہ کھلے کھجوروں سے وائرس زیادہ پھیلتا ہے جس کی وجہ سے کھجور، مٹھائیاں اور میوہ جات کے کاروبار سے منسلک افراد کو کافی نقصان اُٹھانا پڑا تھا۔
تاہم اس برس اگرچہ ایک بار پھر کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی آ رہی ہے لیکن کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔