ضلع کے اندرون ساگم کے لوگوں نے شکایت کی ہے کہ علاقے میں طبی سہولیت کا فقدان ہے، جس کی وجہ سے گنجان آبادی کو مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اننت ناگ: اندرون ساگم علاقے کے لوگ طبی سہولیات سے محروم
جموں و کشمیر انتظامیہ جہاں آئے روز لوگوں کو طبی سہولیت بہم پہنچانے کی غرض سے بڑے بڑے دعوے کر رہی ہے، وہیں زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ اس کی اور ایک مثال کوکرناگ کے ایک دور دراز پہاڑی علاقہ اندرون اور اس سے متصل علاقوں میں دیکھنے کو مل رہی ہے جہاں طبی سہولیات کے فقدان سے لوگ مختلف مشکلات سے دوچار ہیں۔
مقامی لوگوں کے مطابق علاقے پہلی بار ذرائع ابلاغ کے نمائندے نے قدم رکھا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ہر دور میں کرسی پر بیٹھے حاکموں نے تاحال نظر انداز کیا، جبکہ مقامی سیاسی رہنماؤں کی جانب سے لوگوں کے ساتھ کئے ہوئے وعدے کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوئے۔
ای ٹی وی بھارت نے یہ مسئلہ ضلع اننت ناگ کے چیف میڑیکل آفیسر ڈاکٹر مختار احمد شاہ کی نوٹس میں لانا چاہا تو انہوں نے کیمرہ کے سامنے آنے سے انکار کر دیا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت علاقے کا جائزہ لے گا اور آبادی کے لحاظ سے وہاں پر میڈیکل ایڈ سنٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ تاکہ علاقے میں رہائش پذیر لوگوں کو طبی سہولیات فراہم ہوں۔