ضلع اننت ناگ میں کوکرناگ کے لیسو برنناڑ کے لوگوں نے شکایت کی ہے کہ گزشتہ سال پردھان منتری گرام سڑک یوجنا اسکیم کے تحت علاقے میں تقریباً 9 کلومیٹر رابطہ سڑک تعمیر کی گئی جس میں گزشتہ سال ہی صرف پانچ کلومیٹر سڑک کو میکڈمائز کیا گیا۔
سڑک کی کشادگی کے عمل کے دوران کئی لوگوں کے رہائشی مکانات، پیڑ اور زمین رابطہ سڑک کی زد میں آگئے تھے جبکہ اس وقت مقامی لوگوں سے وعدہ کیا گیا تھا کہ انہیں معاوضہ فراہم کیا جائے گا لیکن ایک سال بعد بھی لوگ معاوضے کے منتظر ہیں۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی لوگوں کا کہنا ہے گزشتہ سال علاقے میں میکڈمائزیشن کا کام کیا گیا، تاہم رابطہ سڑک کے کناروں پر باندھ تعمیر نہیں کئے گئے اور سڑک کے مختلف کناروں پر کھڑی ڈھلان بھاری برفباری اور بارشوں کی وجہ سے کھسک گئی ہے جس کے نتیجے میں دھول اور مٹی سے لوگوں کا گھر سے نکلنا دشوار ہو رہا ہے۔
کثیر آبادی والے علاقے لیسو برنناڑ اور اس سے ملحقہ علاقوں کے رہائش پذیر لوگوں کا کہنا ہے کہ رابطہ سڑک کے کنارے پر ڈرینیج نظام کا بھی فقدان پایا جا رہا ہے جس کے سبب بارشوں کا پانی سڑک پر جمع رہنے کے سبب مقامی لوگوں کو عبور و مرور میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔