ضلع اننت ناگ کے تکی بل، بجبہاڑہ کے کری کدل میں بہتے نالے سے متصل ڈمپنگ سائٹ کے سبب نالے کا صاف و شفاف پانی آلودہ ہوگیا ہے۔
ڈمپنگ سائٹ پر آوارہ کتوں نے ڈیرہ جمالیا ہے، وہیں چیل اور کوے کوڑے کرکٹ کو آس پاس کے علاقوں خصوصاً نزدیکی چشمے میں بھی ڈال دیتے ہیں جس کا پانی کئی علاقوں کو سپلائی کیا جاتا ہے۔
مقامی باشندوں کے مطابق ڈمپنگ سائٹ کی باضابطہ دیوار بندی نہیں کی جارہی اور ڈمپنگ سائٹ پر پہلے ہی گندگی اور غلاظت کے ڈھیر جمع ہیں۔ اس کے باوجود آس پاس کے قصبہ جات سے بھی کوڑا کرکٹ یہیں انڈیل دیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گرمیوں کے ایام میں کوڑے کرکٹ سے اٹھنے والی بدبو اور عفونت نے مقامی آبادی کا جینا دوبھر کردیا ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی باشندوں نے دعویٰ کیا کہ ڈمپنگ سائٹ سے اٹھنے والی عفونت، کیڑے مکوڑوں اور گندے پانی کے سبب یہاں کے باشندے اکثر و بیشتر بیمار رہتے ہیں۔