ضلع اننت ناگ میں عید میلادالنبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا، ضلع کے مختلف مقامات پر درود و نعت خوانی کی محافل آراستہ ہوئیں وہیں بعض مقامات پر جلود بھی برآمد کیے گئے۔
عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں ضلع اننت ناگ کے مٹن، شانگس، کوکرناگ، ڈورو و دیگر تحصیل صدر مقامات سے جلوس برآمد ہوئے، تاہم سب سے بڑا جلوس قصبہ اننت ناگ سے برآمد ہوا جو زیارت ریشی صاحب (رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ) سے شروع ہوکر مختلف سڑکوں اور بازاروں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہوا۔
اننت نا گ: میلاد النبیﷺ جلوس میں سینکڑوں فرزندان توحید کی شرکت جلوس میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی، جن میں بزرگ، خواتین اور بچے بھی شامل تھے، اور سرور کائنات حضور اقدس ﷺ کے تیئں اپنی محبت کا اظہار کیا۔
سبز پرچموں کے سائے میں درود وسلام اور نعتوں کے نذرانے بھی عاشقان رسول نے نبی اکرم ﷺ کی خدمت پیش کیے۔ اس سلسلے میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
ضلع کے بعض علاقوں میں عاشقان رسول ﷺ کی جانب سے محافل میلاد، ریلیوں اور سیرت کانفرنس کا انعقاد بھی عمل میں لایا گیا جہاں عاشقان رسولﷺ نے نعت گوئی کے ذریعے اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔
اسکے علاوہ ضلع کے مختلف مقامات پر سیرت کے حوالے سے پروگرام منعقد ہوئے جن میں علماء کرام نے آنحضرتﷺ کی مقدس سیرت پر روشنی ڈالی۔
دریں اثناء محافل میلاد کے موقع پر فرانسیسی صدر کی جانب سے گستاخانہ بیان کی بھی مذمت کی گئی۔