ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ علاقے سے تقریباً 25 کلومیٹر کی دوری پر واقع گاورن علاقے میں پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کے سبب لوگ سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ اگرچہ محکمہ جل شکتی نے علاقے میں کئی برس قبل ایک منصوبے کے تحت پائپ لائنز نصب کیں، تاہم، لوگوں کے مطابق، پروجیکٹ بے سود ثابت ہوا جس کے نتیجے میں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے گاورن کے لوگوں نے کہا کہ موسم گرما میں لوگ سڑک کنارے بہنے والے نالے سے پانی پینے پر مجبور ہو جاتے ہیں، جو اکثر و بیشتر آلودہ ہونے سے لوگ مختلف امراض میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔
ہزاروں نفوس پر مشتمل گاورن کے لوگوں کا کہنا ہے کہ برف باری کے ایام میں انہیں برف پگھلا کر پیاس بجھانی پڑتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ جل شکتی نے علاقے میں پانی سپلائی کرنے کی غرض سے کئی برس قبل ایک پائپ لائن نصب کی ہے تاہم انکے مطابق پائپ لائن کو مکمل فعال نہ بنائے جانے کے باعث لوگوں کو پانی کے حوالے سے درپیش مشکلات کا ازالہ ممکن نہ ہو سکا۔