جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں سینکڑوں قدرتی چشمے نہ صرف یہاں کی خوبصورتی کو چار چاند لگاتے ہیں بلکہ کئی علاقوں میں آباد لوگ چشموں سے ہی پانی حاصل کرکے اپنی ضرریات کو پورا کرتے ہیں تاہم یہ قدرتی چشمے انتظامیہ کی عدم توجہی کے سبب تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔
ان ہی صاف و شفاف چشموں میں ضلع اننت ناگ کے شانگس علاقے کا ڈاٹی ناگ چشمہ بھی شامل ہے۔ شانگس سمیت دور دراز علاقوں کے لوگ دہائیوں سے چشمے کا صاف و شفاف پانی استعمال کرتے آرہے ہیں، تاہم چشمے کی دیوار بندی اور صاف صفائی نہ کیے جانے پر لوگوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ صدیوں سے ڈاٹی ناگ کا چشمہ شانگس سمیت مختلف علاقوں کے لوگوں کی پانی کی ضرورت کو پورا کرتا آرہا ہے تاہم انتظامیہ کی بے حسی اور غیر سنجیدگی کے سبب چشمے کا صاف و شفاف پانی آلودہ ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چشمے کا پانی نہ صرف پینے بلکہ سینکڑوں کنال اراضی پر محیط کھیتوں کی سنچائی کے استعمال میں لایا جارہا ہے تاہم انتظامیہ کی عدم توجہی کے سبب چشمہ دن بہ دن سکڑتا جارہا ہے جس سے عوامی حلقوں میں تشویش پائی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چشمہ سکڑنے کے نتیجے میں نہ صرف لوگوں کو پینے کے پانی کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے بلکہ کھیتوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔