ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ علاقے کے ناگدرمن علاقہ میں موجود چشمہ سینکڑوں لوگوں کو سیراب کرتا ہے۔ تاہم مقامی لوگوں کے مطابق ’’صدیوں پرانا یہ چشمہ انتظامیہ کی عدم توجہی کا شکار ہو چکا ہے۔‘‘
مقامی لوگوں نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ وہ اور ان کے آباء و اجداد علاقے میں موجود چشمے کے پانی کو روزمرہ کی ضروریات کے لیے استعمال کرتے آئے ہیں۔ تاہم چشمہ میں دھول مٹی اور گندگی کے سبب چشمہ ناپید ہونے کے درپے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چشمہ کے گرد دیواربندی نہ ہونے کے سبب چشمے میں بعض دفعہ مردہ جانور بھی پائے گئے۔ تاہم پانی کا واحد ذریعہ ہونے کے سبب مقامی لوگ اسی چشمے کا پانی استعمال کرنے کے لیے مجبور ہوتے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی باشندوں نے مزید کہا کہ کثیر آبادی والے اس علاقے کے لیے ایک چشمہ ناکافی ہے۔ انہوں نے کہا: ’’علاقے کے لوگ اگر ایک ساتھ چشمے سے پانی نکالتے ہیں تو سبھی افراد کو پانی نہیں ملتا، انہیں کافی دیر تک پھر سے پانی جمع ہونے کا انتظار کرنا پڑتا ہے۔ وہیں، گرمیوں میں چشمہ مکمل طور سوکھ جانے کے باعث علاقے میں پانی کی شدید قلت ہو جاتی ہے۔‘‘
مقامی آبادی نے از خود چشمہ کے گرد عارضی دیوار کھڑی کی ہے، تاہم وہ کارآمد ثابت نہیں ہو رہی ہے۔ نتیجتاً چشمہ اکثر و بیشتر آلودگی کا شکار ہو جاتا ہے۔