گزشتہ برس جموں کشمیر میں دفعہ 370 کی تنسیخ کے بعد سیاحت کو شدید دھچکہ لگا اور سیاحتی سرگرمیاں مکمل طور پر ٹھپ ہوکر رہ گئی ہے۔
سیاحت سے جڑے افراد کو اُمید تھی کہ ان کی مشکلات کا ازالہ شاید آنے والے سیاحتی سیزن میں ہوگا لیکن رواں سال وبائی صورت حال کے پیش نظر سیاحتی سیزن کی سرگرمیاں وبا کی نذر ہوگئی۔ اس درمیان سیاحتی سیزن کی سرگرمیاں بحال کرنے کی کوشش جاری ہیں۔
جنوبی ضلع اننت ناگ کی انتظامیہ نے محکمہ سیاحت کے اشتراک سے نوجوانوں کو ذہنی تناؤ سے باہر نکالنے کے لیے اننت ناگ سے پہلگام تک سائیکل دوڑ کا انعقاد کیا جس میں تمام اضلاع سے تعلق رکھنے والے سائیکل دوڑ کے شوقین افراد نے حصہ لیا۔
اننت ناگ سے شروع ہونے والی اس سائیکل ریس میں صبح سویرے حصہ لینے والے نوجوانوں میں کافی جوش دکھائی دے رہا تھا۔ ضلع انتظامیہ کی جانب سے جگہ جگہ پر متعدد انتظامات کئے تھے۔ تین گھنٹے کی اس سائیکل ریس کو ضلع مجسٹریٹ کے کے سدھا نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
وادی کے شمال و جنوب سے سائیکل ریس میں حصہ لینے والے افراد نے قریب 35 کلو میٹر سفر سائیکل پر طے کیا۔ بڈگام ضلع سے تعلق رکھنے والے ایک پر جوش نوجوان سائیکلسٹ اکبر خان نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے انعام اپنے نام کر لیا۔ اس طرح دوسری اور تیسری پوزیشن وحید احمد اور باسط احمد نے حاصل کی۔