ضلع اننت ناگ کے دور گرندون، پہلگام علاقے میں پینے کے پانی کی شدید قلت کے سبب لوگوں کو ندی نالوں کا پانی استعمال میں لانا پڑتا ہے۔ حکومت کی جانب سے لوگوں کو بنیادی سہولیات مہیا کرانے کی غرض سے آئے روز مختلف اسکیمیں متعارف کرائی جاتی ہیں تاہم زمینی سطح پر آج کے ترقی یافتہ دور میں بھی گرندون، پہلگام جیسے مختلف علاقوں کے باشندے بنیادی ضررویات کی عدم دستیابی کے سبب کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔
گرندون، پہلگام کے باشندوں نے علاقے میں پانی جیسی بنیادی ضرورت کے فقدان کے حوالے سے انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے علاقے میں قریب 11 سال قبل محکمہ جل شکتی نے علاقے میں پینے کے پانی کی قلت کے پیش نظر ایک ٹیوب ویل تعمیر کیا، تاہم ان کے مطابق وہ صرف 15 دن فعال رہنے کے بعد بے کار ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیوب ویل کی تعمیر پر لاکھوں روپے خرچ کرنے کے باوجود علاقے کے لوگ پانی کی ایک ایک بوند کو ترس رہے ہیں۔