وادی کشمیر صاف و شفاف پانی، ندی نالوں، دریاؤں اور جھیلوں کے لیے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ تاہم وسائل ہونے کے باوجود جنوبی کشمیر کے کوکرناگ علاقے میں عوام کو میلوں کا سفر کرکے پینے کا صاف پانی حاصل کرنا پڑتا ہے۔
کوکرناگ کی عوام کو صاف پانی حاصل کرنے کے لئے روز ایک نئی جدوجہد کرنی پڑتی ہے۔ محکمہ جل شکتی نے مقامی آبادی کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کی غرض سے دہائیاں قبل لاکھوں روپئے خرچ کرکے پانی کی ایک ٹینکی کی تعمیر کا کام شروع کیا۔ تاہم محکمہ جل شکتی نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر مذکورہ ٹینکی کو پس پشت چھوڑ دیا۔
اَسی کی دہائی میں تعمیر کی گئی ٹینکی کو اگرچہ لوگوں کی سہولیت کے لئے بنایا گیا تھا، لیکن سہولیت پہنچانے کے بجائے یہ ٹینکی اب مقامی آبادی کے لئے سر درد بنی ہوئی ہے۔ علاقہ کے لوگوں کا کہنا ہے خستہ حالت ہونے کی وجہ سے کئی بار اس میں مال مویشی گر کر ہلاک ہو جاتے ہیں۔