اننت ناگ:جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں کوکرناگ کے اہلن گڈول علاقہ کے قریب ایک مریض کو نازک حالت میں ایمبولینس کے ذریعہ اسپتال پہنچانے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ شدید برفباری اور رابطہ سڑک پر پھسلن کے سبب ایمبولینس برف میں پھنس گئی، ایمبولینس کے ڈرائیور نے متعلقہ انتظامیہ کو فون پر معاملہ کی جانکاری دی۔ ایمبولنس کے برف میں پھنسنے کی اطلاع موصول ہوتے ہی سب ضلع مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) کی زیر نگرانی، محکمۂ صحت، میکنیکل انجینئرنگ، ریونیو، این ایچ آئی ڈی سی ایل نے مشترکہ طور ریسکیو آپریشن شروع کرنے کی غرض سے درمیانی شب علاقہ میں ایک ٹیم کو روانہ کر دیا۔ ریسکیو ٹیم نے برف میں پھنسی ایمبولینس کو ریسکیو کرنے کے لیے کوششیں شروع کر دیں۔
حکام کے مطابق ٹیم کو قریب دو گھنٹوں کی مشقت کے بعد ایمبولینس ریسکیو کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی۔ جس کے بعد جے سی بی کی مدد سے ایمبولینس کو مریض سمیت سب ضلع اسپتال پہنچایا گیا۔ مریض کو وقت پر اسپتال میں داخل کرکے اس کی جان بچائی گئی۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ کی بروقت کارروائی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ادھر، وادیٔ کشمیر کے مختلف علاقوں میں محکمۂ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق وقفہ وقفہ سے بارش اور برفباری ہو رہی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے سڑکوں پر سے برف ہٹائے جانے کا سلسلہ جاری ہے تاہم متعدد دور دراز اور دیہی علاقوں میں سڑکوں پر برف جمع ہے جس سے آمد و رفت مسدود ہو کر رہ گئی ہے۔