سرینگر: جنوبی کشمیر کے ہمالیہ پہاڑوں میں 3 ہزار 8 سو 80 میٹر کی بلندیوں پر واقع امرناتھ جی مندر کی یاترا کے لئے اب تک نہ صرف ریکارڈ تعداد میں یاتریوں نے گپھا کا درشن کیا ہے بلکہ سال گزشتہ کے یاتریوں کی کل تعداد کو بھی یاترا کے پہلے ہی ایکمہینے سے بھی کم مدت میں پچھاڑ دیا ہے۔
ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ یکم جولائی سے شروع ہونے والی اس یاترا کے دوران اب تک 3 لاکھ 70 ہزار یاتریوں نے گھپا کا درشن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعداد سال گزشتہ کے یاتریوں کی کُل تعداد سے بھی تجاوز کر گئی۔ان کا کہنا تھا کہ سال گزشتہ اس سالانہ یاترا کے دوران کل 3 لاکھ 65 ہزار یاتریوں نے ہی گپھا کا درشن کیا تھا۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ جمعہ کے روز 9 ہزار 1 سو 50 یاتریوں نے گپھا کا درشن کیا جس کے ساتھ یہ تعداد 3 لاکھ 69 ہزار 2 سو 88 یاتریوں تک پہنچ گئی۔ انہوں نے کہا کہ امسال جہاں اس یاترا میں غیر ملکی یاتریوں نے حصہ لیا وہیں زندگی کے مختلف شعبوں سے وابستہ نامور شخصیات جیسے معروف بیڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہوال اور بالی ووڈ اداکارہ سارہ علی خان نے بھی گپھا کا درشن کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 'یاتریوں کا یہ متنوع اجتماع امرناتھ یاترا کی عالمگیر اپیل کے ثبوت کے بطور کام کرتا ہے اور دنیا کے گوشہ و کنار کے لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یاترا کے منظم اہتمام نے یاتریوں میں سکون اور تحفظ کا احساس پیدا کر دیا ہے۔