سالانہ امرناتھ یاترا: چھڑی مبارک کی روانگی کا شیڈول جاری
مہنت دیپندرا گری نے کہا کہ حالات ٹھیک رہنے کی صورت میں 20 جولائی کو چھڑی مبارک کو تاریخی شنکر اچاریہ مندر بھی پہنچایا جائے گا اور اگلے روز کوہ ماران کی پہاڑی پر پہنچایا جائے گا۔
چھڑی مبارک (بھگوان شیو کی چاندی کی چھڑی) کے محافظ مہنت دیپندرا گری نے کہا ہے کہ شری امرناتھ جی یاترا کے دوران کورونا کے پیش نظر یاترا کے دورانیے کو دو یا تین ہفتوں تک ہی محدود کرنے کے باوجود بھی سماجی دوری کو یقینی بنانا بہت بڑا چیلنج ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ غیر معمولی نوعیت کے حالات غیر معمولی اقدام کرنے کے متقاضی ہوتے ہیں اور اگر آنے والے ہفتوں میں کورونا کے مثبت کیسز میں اضافہ درج ہوگا تو شری امرناتھ جی گھپا کی یاترا سے منسلک روایتی رسومات کی ادائیگی صرف فضائی راستے سے ہی ممکن ہوسکے گی۔
موصوف نے سالانہ یاترا سے منسلک روایتی رسومات کی ادائیگی کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا: 'دشنمی اکھارا میں ناگ پنچھمی کے موقع پر 25 جولائی کو چھڑی پوجا کی انجام دہی کے بعد چھڑی مبارک پوتر گھپا کی طرف روانہ ہوگی جبکہ چھڑی مبارک کا آخری درشن 3 کو رکھشا بندھن کے موقع پر پوتر امرناتھ گھپا میں کیا جائے گا'۔
انہوں نے کہا کہ روایتی رسومات جیسے بھومی پوجن، نوگراہ پوجن اور دھواجا روہن جن سے سالانہ امرناتھ یاترا کا آغاز ہوتا ہے، کو 5 جولائی کو ویاس پرنما کے پوتر موقع پر پہلگام میں انجام دیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں مہنت گری نے بتایا کہ امسال کورونا کی وجہ سے سالانہ یاترا میں روایتی جوش وخروش قدرے مفقود ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ یاترا کے دوران ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے یاتریوں اور لنگروں میں کام کرنے والوں کے درمیان سماجی دوری کو یقینی بنانا بہت ہی بڑا چلینج ہوگا۔
موصوف نے کہا کہ بھگوتی نگر جموں میں قائم یاترا نواس کو بھی کووڈ سینٹر میں منتقل کیا گیا ہے جس کی وجہ سے یاتریوں کے قیام کا انتظام کرنا بھی ایک بہت بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرس اور دیگر طبی عملے کے کورونا متاثرین کے علاج کے ساتھ مصروف ہونے سے ان کی قلت کا بھی سامنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے یونین ٹریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر گریش چندرا مرمو کے نام ایک مکتوب بھی روانہ کیا ہے جس میں سالانہ یاترا کے روایتوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے انتظامات کرنے کے علاوہ چھڑی مبارک کے ساتھ آنے والے سادھوئوں کی حفاظت کے لئے مؤثر اقدام کرنے کی اپیل کی ہے۔
مہنت گری نے کہا کہ حالات ٹھیک رہنے کی صورت میں 20 جولائی کو چھری مبارک کو تاریخی شنکر اچاریہ مندر بھی پہنچایا جائے گا اور اگلے روز کوہ ماران کی پہاڑی پر پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سری نگر میں دشنمی اکھارا میں 25 جولائی کو ناگ پنچھی کے موقع پر چھڑی پوجن کی انجام دہی کے بعد چھڑی مبارک کو شراون پرنما کے موقع پر تین اگست کو پوتر گھپا میں درشن کے لئے پہنچایا جائے گا۔
موصوف نے کہا کہ دشنمی اکھارا ٹرسٹ سری نگر اکھارا بلڈنگ واقع بڈشاہ چوک سری نگر میں سالانہ یاترا پر آنے والے سادھوئوں کے لئے حسب سابق قیام و طعام کا انتظام کرے گا۔
اس دوراں 8 مارچ کو ریاست بہار کے سلطان گنج سے پیدل سفر کرنے والے اشوک سونی نامی سادھو ضلع رام بن پہنچ چکے ہیں اور انہیں سری نگر - جموں قومی شاہراہ پر چلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
مذکورہ سادھو نے رام بن میں نامہ نگاروں کو بتایا: 'میں روز 35 سے 40 کلو میٹر چلتا ہوں۔ 8 مارچ کو میں نے اپنا سفر شروع کیا۔ 22 مارچ کو لاک ڈاؤن شروع ہوا۔ میرا لاک ڈاؤن کے ساتھ کوئی واسطہ نہیں ہے۔ میں پیدل آیا ہوں'۔
تاہم فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ مذکورہ سادھو کا کورونا وائرس ٹیسٹ کیا گیا ہے یا نہیں۔ انہیں امکانی طور پر قاضی گنڈ میں روک کر قرنطینہ میں بھیجا جائے گا۔
بتادیں کہ رواں ماہ کی پانچ تاریخ کو سالہ امرناتھ یاترا سے متعلق 'پراتھم پوجا' جموں میں شری امرناتھ شرائن بورڈ کے تالاب تلو دفتر میں انجام دی گئی۔ یہ پوجا جیشٹھ پرنیما کے دن حسب معمول یاترا کے دوران چندن واڑی پہلگام میں انجام دی جاتی تھی لیکن امسال کورونا وائرس کی وجہ سے اس کو جموں میں انجام دیا گیا۔
شرائن بورڈ کے سی ای او بپل پاٹھک نے پوجا کے حاشئے پر نامہ نگاروں کو بتایا تھا: 'یاترا کے لئے تیاریاں جاری ہیں کورونا کے پیش نظر تمام اقدام کئے جائیں گے اور اسی کے تحت فیصلے لئے جائیں گے'۔
قابل ذکر ہے کہ حکومت نے سال گذشتہ ماہ اگست کی پانچ تاریخ کو سالانہ امر ناتھ جی یاترا کو اس وقت معطل کیا تھا جب جموں و کشمیر کو خصوصی اختیارات عطا کرنے والے دفعات 370 اور 35 اے کی منسوخی کے ساتھ ریاست کو دو وفاقی حصوں میں منقسم کیا گیا تھا۔