شری امرناتھ جی یاترا کے سلسلے میں آ ج شرون پورنیما کے روز چھڑی مبارک کو سرینگر دشنامی اکھاڑہ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ پہلگام لایا گیا۔ چھڑی مبارک کے نگران مہنت دیپیندر گری کی قیادت میں چھڑی مبارک کو مقدس گھپا پہنچائی گئی جہاں خصوصی پوجا کے بعد چھڑی مبارک کو گوری شنکر مندر پہلگام لایا گیا۔
امرناتھ یاترا روایتی طور اختتام پزیر
کورونا وائرس کی وجہ سے رواں برس کی امرناتھ یاترا کو احتیاطی طور منسوخ کیا گیا تھا۔ تاہم روایتی طور رکشا بندھن شرون پورنیما کے روز امرناتھ یاترا اختتام ہو جاتی ہے۔
اس سلسلہ میں پہلگام کے گوری شنکر مندر میں بھومی پوجن کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں مہنت دیپیندر گری کے ساتھ چند سادھو موجود رہے۔ چھڑی مبارک کو رات بھر پہلگام میں ٹھہرایا جائے گا۔ بھومی پوجن کے اختتام کے بعد کل صبح چھڑی مبارک کو سرینگر کے دشنامی اکھاڑے واپس روانہ کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: امرناتھ یاترا کی معطلی، سیاحت سے جڑے افراد مایوس
مقامی لوگوں نے روایتی طور امرناتھ یاترا کے اختتام کے موقع پر ہندو طبقہ سے وابستہ لوگوں کو مبارکباد پیش کی۔ تاہم انہوں نے سرکار سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ امرناتھ یاترا نہ ہونے کی وجہ سے روزگار متاثرہ لوگوں کی بازآبادکاری کے اقدامات اٹھائے جائیں۔