اننت ناگ: محکمہ زراعت کے زیر اہتمام بیداری کیمپ کا انعقاد - etv bharat urdu
افسران نے کسانوں کو جانکاری فراہم کی کہ وہ کس طرح سرکاری اسکیمز کے ذریعہ مختلف آلات اور مشینوں کو رعایتی داموں پر خرید سکتے ہیں۔
agriculture
جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں محکمہ زراعت نے ضلع انتظامیہ اننت ناگ کے اشتراک سے ایک بیداری کیمپ کا انعقاد کیا۔ اس کی صدارت چیف ایگریکلچر آفسر سعید وسیم احمد نے کی۔
کیمپ میں ایک نمائشی میلہ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس دوران محکمہ باغبانی، زراعت اور دیگر محکموں کی جانب سے مشینوں، ٹریکٹر، لوڈ کیریئر کے علاوہ مختلف آلات کی نمائش کی گئی۔
افسران نے لوگوں کو جانکاری فراہم کی کہ وہ کس طرح سرکاری اسکیمز کے ذریعہ مختلف آلات اور مشینوں کو رعایتی نرخوں پر خرید سکتے ہیں۔
وہیں،اس موقع پر صحت، کسانوں کے لیے کم شرحِ سود پر لون کی فراہمی اور روزگار سے جڑی اسکیمز کے بارے میں بھی جانکاری دی گئی۔
کیمپ کے دوران منظور شدہ مختلف ضرورت مند افراد کو موقع پر ہی آلات اور چیک فراہم کئے گئے۔ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایگریکلچر چودھری محمد اقبال نے کہا کہ کیمپ کے انعقاد کا بنیادی مقصد یہی تھا کہ لوگوں کو مختلف سرکاری اسکیمز کے فوائد کے بارے میں جانکاری فراہم کی جائے۔ کیونکہ آج کے دور میں ایگریکلچر زمین بہت کم دیکھنے کو مل رہی ہے اور اکثر ایگریکلچر زمین پر تعمیراتی کام ہو رہے ہیں۔
ڈائریکٹر نے سرکار اور عام لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ زرخیز زمین کو محفوظ بنانے میں اپنا اہم رول ادا کریں۔