اننت ناگ:ضلع ترقیاتی کمشنر، اننت ناگ کی ہدایت پر جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے مختلف علاقوں میں ’’سروس ڈیلیوری کیمپس‘‘ کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے۔ ضلع کے تمام پٹوار حلقوں میں 15 روزہ سروس ڈیلیوری اور شکایات کے ازالے کے لئے 13 فروری سے 28 فروری تک کیمپ لگائے جا رہے ہیں جہاں لوگوں کی اراضی سے متعلق شکایات کا ازالہ کیا جا رہا ہے۔
ضلع اننت ناگ کے اچھہ بل علاقے میں منعقدہ سروس ڈیلیوری کیمپ کی صدارت اے ڈی سی اننت ناگ، محمد اشرف شیخ، نے انجام دی۔ اے ڈی سی کے علاوہ اے سی آر، اننت ناگ، شعیب نور، تحصیلدار اننت ناگ عمر گلزار سمیت دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ پریزائیڈنگ آفیسر نے عوام کے مطالبات کو سننے کے بعد متعلقہ حکام سے شکایات کا بروقت ازالہ کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے لوگوں کو ان کیمپس کے انعقاد سے ملنے والے فوائد سے آگاہ کیا۔ کیمپ کے دوران مختلف زیر التوا میوٹیشنز کو بھی موقع پر ہی مکمل کیا گیا۔
اے ڈی سی اننت ناگ نے لوگوں سے جاری پندورہ روزہ ’’سروس ڈیلیوری‘‘ اور شکایات کے ازالے کے لئے منعقد کیے جا رہے کیمپ میں شرکت کرنے کی اپیل کی اور مناسب تغیرات کے ذریعے اپنے اراضی ریکارڈ کو اپ ڈیٹ کرنے کی بھی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’ان کیمپس کے دوران شکایات کے ازالے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور لوگوں کو اپنی شکایات اور دستاویز سے جڑے معاملات کے حل کو یقینی بنانے کے لیے آگے آنا چاہیے۔‘‘