اننت ناگ (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے لارکی پورہ، ڈورو علاقے میں بدھ کی صبح ایک ٹاٹا موبائل لوڈ کیرئر میں زور دار دھماکہ ہوا جس میں آٹھ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ٹاٹا موبائل لوڈ کیرئر زیر رجسٹریشن نمبر JK18-4476 میں غیر مقامی مزدور سوار تھے اور گاڑی میں موجود وائبریٹر اچانک زور دار دھماکہ سے پھٹ گیا جس کی وجہ سے گاڑی میں سوار مزدوروں میں سے آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔
حادثہ کے فوراً بعد مقامی باشندے واردات کی جگہ پر پہنچ گئے اور زخمی مزدوروں کو فوری طور پر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا۔ زخمیوں کی نازک حالت دیکھتے ہوئے کئی زخمی مزدوروں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا جہاں اس وقت ان کا علاج و معالجہ جاری ہے۔ دھماکہ کی وجہ سے پورے علاقہ میں افراتفری پھیل گئی، لوگ محفوظ مقامات کی جانب بھاگنے لگے تاہم حقیقت پتہ چلنے کے بعد لوگوں نے راحت کی سانس لی۔