ضلع اننت ناگ کے بٹہ کوٹ، پہلگام میں 4 سالہ خانہ بدوش بچی شاکرہ بانو دختر عبد الرشید باجی چند روز قبل لاپتہ ہو گئی۔ اہل خانہ کے مطابق انہوں نے علاقے میں بچی کی تلاش کی تاہم اسکا کوئی سراغ نہ ملنے کے بعد انہوں نے بچی کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ درج کی۔
پہلگام میں لاپتہ 4سالہ خانہ بدوش بچی کی تلاش جاری پولیس، محکمہ مال اور وائلڈ لائف کی ٹیم اور مقامی باشندوں نے بچی کی تلاش شروع کر دی ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے تحصیلدار پہلگام نے کہا کہ بٹہ کوٹ علاقے سے 4سالہ خانہ بدوش بچی کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ درج ہونے کے بعد محکمہ مال، پولیس اور وائلڈ لائف کی ٹیم بچی کا سراغ لگانے میں جٹ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمسن بچی کا پتہ لگانے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ خانہ بدوش بکروال طبقہ سے وابستہ افراد سردیوں میں صوبہ جموں جبکہ موسم گرما میں مال مویشی سمیت وادی کے بالائی علاقوں کا رخ کرتے ہیں۔