اننت ناگ (جموں و کشمیر):جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں جمعہ کی صبح ایک 25 سالہ شخص کی لاش برآمد کی گئی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق جمعہ کی صبح کچھ مقامی باشندے ضلع کے وزیر باغ میں ٹہل رہے تھے جس دوران ان کی نظر زمیں پر لیٹے ایک شخص پر پڑی۔ جب انہوں نے غور کیا تو اُس شخص کی روح پرواز کر چکی تھی اور وہ مردہ حالت میںپڑا ہوا تھا۔ لاش کو دیکھ کر لوگ گھبرا گئے اور انہوں نے فوری طور پر نزدیکی پولیس اسٹیشن کو اس کے بارے میں اطلاع دی۔
اطلاع موصول ہوتے ہی مقامی پولیس اسٹیشن سے ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ قانونی لوازمات کے بعد لاش کا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔ قانونی و طبی لوازمات کی تکمیل کے بعد میت کو آخری رسومات کے لیے لواحقین کے سپرد کر دیا گیا۔ متوفی کی شناخت 25 سالہ ارشاد احمد الائی ولد غلام نبی الائی ساکنہ شاکساز محلہ، کاڈی پورہ، اننت ناگ کے طور پر کی گئی ہے۔