ویٹ لفٹر میرابائی چانو ٹوکیو اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتنے کے بعد وطن واپس ہوئیں۔ دہلی پہنچنے کے بعد ایئر پورٹ پر لازمی آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ ہوا۔ اس دوران انہیں مختلف تحائف، مبارکبار اور گلدستے دئیے گئے۔
میرابائی چانو نے گزشتہ روز ٹوکیو اولمپکس میں خواتین ویٹ لفٹنگ کے 49 کلوگرام کیٹگری میں بھارت کو پہلا تمغہ دلایا۔ ٹوکیو سے بھارت واپسی سے قبل میرابائی نے ٹویٹ کیا تھا کہ ' گھر کے لیے روانہ۔ ٹوکیو 2020 میں میری زندگی کے یادگار لمحوں کا شکریہ۔
Silver medalist Mirabai Chanu واضح رہے کہ چین کی زِہوئی ہوؤ نے گزشتہ روز 210 کلوگرام وزن اٹھاکر سونے کے تمغے کے ساتھ نیا اولمپک ریکارڈ قائم کیا ہے۔
اس میچ میں اپنی چار کامیاب کوششوں کے دوران میرابائی چانو نے مجموعی طور پر 202 کلوگرام (اسنیچ میں 87 کلوگرام اور کلین اینڈ جرک میں 115 کلو) اٹھایا تھا جب کہ چین کی زِہوئی ہوؤ نے 210 کلوگرام اٹھاکر نیا اولمپک ریکارڈ بناتے ہوئے گولڈ میڈل جیتا تھا۔ اس کے علاوہ انڈونیشیا کی وِنڈی کینٹیکا عائشہ نے مجموعی طور پر 194 کلوگرام وزن کے ساتھ کانسے کا تمغہ اپنے نام کیا۔
اس یادگار چاندی کے تمغے کے ساتھ چانو اولمپک تمغہ جیتنے والی بھارت کی دوسری ویٹ لفٹر بن گئی ہیں۔ اس سے قبل 2000 سِڈنی اولمپک میں کرنم ملیشوری نے 69 کلوگرام کیٹگری میں کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔ اس وقت ویٹ لفٹنگ میں پہلی بار خواتین کا زمرہ تھا۔
اس کا مطلب تقریباً 21 برسوں کے بعد اولمپکس میں خواتین ویٹ لفٹنگ کا تمغہ بھارت کی جھولی میں آیا ہے۔ اس کے علاوہ میرابائی چانو اولمپک میں سلور میڈل جیتنے والی دوسری خاتون اتھلیٹ بن گئی ہیں اس سے قبل اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو نے سلور میڈل اپنے نام کیا تھا۔