بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کےصدر تھامس باک نے الوداعی تقریب میں ایتھلیٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس بے حد مشکل وقت میں ہم سب جی رہے ہیں اور ان سب کے درمیان دنیا کو امید کی کرن دکھائی ہے اور اب میں ٹوکیو میں سب سے چیلنجنگ اولمپک سفر کے اختتام کا اعلان کرنا چاہتا ہوں۔ میں 32ویں اولمپیاڈ کو ختم کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔ یہ کھیل امن، اتحاد اور امید کی علامت تھے۔ اب آپ سب سے پیرس میں ملاقات ہوگی۔
اس غیرمعمولی اولمپک کی افتتاحی تقریب کی طرح خالی اسٹیڈیم میں الوداعی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں صرف ایتھلیٹس، ٹیم کے اہلکار، وی آئی پی اشخاص اور میڈیا کے نمائندے موجود تھے۔ ایتھلیٹس سخت بائیو سیکیور ماحول میں کھیل گاؤں میں رہے تھے اور انہیں کھانے، سونے اور مقابلہ کرنے کے علاوہ ہر وقت ماسک لگانا تھا۔ اختتامی تقریب میں کھلاڑیوں کی پریڈ کے دوران ہندوستانی دستے کی قیادت 65 کلوگرام فری اسٹائل زمرے میں کانسے کا تمغہ جیتنے والے پہلوان بجرنگ پونیا نے کیا۔