کورونا وائرس کے وبا کے دوران سفر سے متعلق پابندیوں اور پریشانیوں کی وجہ سے دنیا کی نمبر ایک کھلاڑی ایشلے بارٹی فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کے لئے نہیں اتریں گی۔ بارٹی نے اس سے قبل نیو یارک میں جاری یو ایس اوپن سے بھی دستبرداری کا فیصلہ کیا تھا۔
نمبر ون ایشلے بارٹی فرنچ اوپن سے دستبردار - کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ
عالمی نمبر ون خاتون ٹینس کھلاڑی اور فرنچ اوپن کی دفاعی چمپیئن آسٹریلیا کی ایشلے بارٹی نے کورونا وائرس کے خطرہ اور تیاری کے فقدان کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے اب روم میں 14 ستمبر سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ اور اس کے بعد 27 ستمبر سے 10 اکتوبر تک ہونے والے فرنچ اوپن میں بھی حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ منگل کے روز جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پچھلے سال یہ اعزاز جیتنے والی بارٹی نے کہا کہ پچھلے سال کا فرنچ اوپن میرے کیریئر کا سب سے خاص ٹورنامنٹ تھا لہذا میں نے یہ فیصلہ ہلکے میں نہیں لیا ہے۔ میں کھلاڑیوں اور فرانسیسی فیڈریشن کو ایک کامیاب ٹورنامنٹ کے لیے نیک خواہشات پیش کرتی ہوں۔
فرانسیسی اوپن کے منتظمین نے کہا ہے کہ وہ شائقین کو ٹورنامنٹ میں آنے کی اجازت دیں گے جبکہ فرانس میں کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ اس کے بعد بارٹی نے ٹورنامنٹ سے دستبرداری کا اعلان کیا۔